بدھ کے روز پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جو عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں آنے والی گراوٹ کے بعد سامنے آئی، یہ قیمت آج سہ پہر تک برقرار رہے گی۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط سونا سات ہزار پانچ سو اڑتیس روپے فی تولہ سستا ہو کر چار لاکھ 37ہزار 362روپے پر آ گیا۔
اسی طرح دس گرام 24 قیراط سونا چھ ہزار 463 روپے کمی کے بعد تین لاکھ 74ہزار 967روپے میں فروخت ہوا۔
22 قیراط سونا بھی نمایاں طور پر سستا ہوا اور دس گرام کی قیمت پانچ ہزار 924روپے کمی کے بعد تین لاکھ 43ہزار 732روپے ہو گئی۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں واضح کمی دیکھی گئی جہاں فی اونس نرخ پچاسی ڈالر کمی کے ساتھ چار ہزار ایک سو پچاس ڈالر پر آ گیا۔
چاندی کی قیمتیں بھی سونے کی طرح کم ہوئیں۔ فی تولہ چاندی ایک سو اکاون روپے کمی کے بعد پانچ ہزار ایک سو دس روپے جبکہ دس گرام چاندی ایک سو 29روپے کمی کے بعد چار ہزار تین سو اکیاسی روپے میں فروخت ہوئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں استحکام اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمتِ عملی کے باعث قیمتی دھاتوں میں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








