پاکستان نے چین کو سیدھے سیٹس میں شکست دے کر ایشیائی یوتھ گیمز کے والی بال ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ایزا اسپورٹس سٹی میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے صرف 53 منٹ میں چین کو 25-12، 25-13 اور 25-17 سے ہرا دیا۔
پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز منگولیا کے خلاف سیدھے سیٹس میں کامیابی سے کیا تھا، جس کے بعد گروپ ’اے‘ کے میچ میں میزبان بحرین کو بھی 3-0 سے شکست دی۔ مضبوط فارم برقرار رکھتے ہوئے پاکستان نے جمعرات کے روز ازبکستان کو بھی اسی انداز میں زیر کر کے گروپ ’ای‘ کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی۔
اس کے بعد ٹیم نے سعودی عرب کو 3-1 سے شکست دے کر گروپ میں سبقت حاصل کی، سیٹ اسکورز 25-16، 25-21، 23-25 اور 26-24 رہے۔ اس میچ میں خضر حیات، محمد یحییٰ اور محمد انس نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
پاکستان اب سیمی فائنل میں 27 اکتوبر (پیر) کی رات 9 بجے مقامی وقت کے مطابق (11 بجے پاکستان کے وقت) میدان میں اترے گا۔
ایشین یوتھ گیمز میں پاکستان کا 53 رکنی دستہ حصہ لے رہا ہے، جو 22 سے 31 اکتوبر تک جاری ہیں۔ پاکستان پہلے ہی لڑکوں کے کبڈی ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت چکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








