خودکش بمباروں سمیت سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کرنے والے 25 خوارج پھڑکا دیے گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

پاک فوج کا نشانہ بننے والے خوارج، فوٹو قومی میڈیا

پاک افغان سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک بڑی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 25 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ مادرِ وطن کے پانچ بہادر سپاہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کے دو بڑے گروہوں نے گھکی کرم اور اسپن وام کے علاقوں میں دراندازی کی کوشش کی۔ اسپن وام میں فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 4 خودکش حملہ آوروں سمیت 15 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ گھکی کے علاقے میں مزید 10 دراندازوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 5 جوانوں نے وطن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔
شہید ہونے والوں میں حوالدار منظور حسین (35 سال، ضلع غذر، گلگت بلتستان)، سپاہی نعمان الیاس کیانی (23 سال، ضلع پونچھ، آزاد کشمیر)، سپاہی محمد عادل (24 سال، ضلع قصور)، سپاہی شاہ جہاں (25 سال، ضلع وہاڑی) اور سپاہی علی اصغر (25 سال، ضلع پاکپتن) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ترکیہ میں جاری پاک افغان مذاکرات کے باوجود فتنۂ خوارج کی دراندازی کی کوششیں ختم نہیں ہوئیں۔ پاکستان مسلسل افغان حکومت سے بارڈر مینجمنٹ بہتر بنانے پر زور دے رہا ہے۔ توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کو پاکستانی سرزمین کے خلاف افغان علاقے استعمال کرنے سے روکے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز “ویژن عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے بھرپور سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Related Posts