ممبئی: بھارتی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار ستیش شاہ 74 سال کی عمر میں گردوں کی خرابی کے باعث انتقال کر گئے، ان کی آخری رسومات پون ہنس کریمیٹوریم، ویل پارلے، ممبئی میں ادا کی گئیں، جہاں شوبز سے وابستہ بڑی شخصیات، مداحوں اور قریبی ساتھیوں نے شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اداکار کی میت صبح 10 بجے سے 11 بجے تک ان کے باندرہ میں واقع گھر پر آخری دیدار کے لیے رکھی گئی تھی جس کے بعد جلوس کے ہمراہ کریمیٹوریم لے جایا گیا۔
ستیش شاہ کے دیرینہ دوست اور ساتھی اداکار جیکی شراف اس موقع پر خاصے غمزدہ نظر آئے جبکہ راگھون اور روپالی گانگولی نے بھی شرکت کر کے مرحوم کی یادیں تازہ کیں۔
ان کے مینیجر رمیش کدتالا کے مطابق ستیش شاہ اچانک دوپہر تقریباً 2 بجے کھانا کھاتے ہوئے گر گئے۔ انہوں نے ایک نوالہ لیا اور فوراً گر پڑے۔ ایمبولینس آدھے گھنٹے بعد پہنچی مگر اسپتال پہنچنے تک وہ دم توڑ چکے تھے۔
ستیش شاہ کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ پورے فلمی حلقوں کو افسردہ کر دیا۔
ستیش شاہ کا شمار بھارت کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے فلم، ٹی وی اور تھیٹر تینوں شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جانے بھی دو یارو ، میں ہوں نا ، کل ہو نہ ہو اور دل والے دلہنیا لے جائیں گے جیسی مشہور فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
ٹی وی ناظرین کے دلوں میں وہ ہمیشہ اندراودن سربھائی کے طور پر زندہ رہیں گے ایک ایسا کردار جو بھارتی پاپ کلچر کا حصہ بن چکا ہے۔
ستیش شاہ کی خوش مزاجی، برجستگی اور مزاح نے لاکھوں دلوں کو مسرور کیا۔ ان کی وفات بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








