بھارتی اداکارہ آدتی راؤ حیدری آج 28 اکتوبر 2025 کو اپنی 39ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ وہ اپنی خوبصورتی، شاندار اداکاری اور شاہانہ انداز کے باعث فلم انڈسٹری میں ایک منفرد پہچان رکھتی ہیں۔ فلم پدماوت سے لے کر ہیرا منڈی تک آدتی نے ہر کردار میں اپنی الگ چھاپ چھوڑی ہے۔
آدتی راؤ نے 2006 میں ملیالم فلم پراجاپتی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 2009 میں دہلی 6 اور 2011 میں یہ سا لی زندگی کے ذریعے بالی ووڈ میں پہچان حاصل کی جس پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کا اسکرین ایوارڈ بھی ملا۔

انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا جن میں راک اسٹار (2011)، مرڈر 3 (2013) اور وزیر (2016) شامل ہیں۔ 2018 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوت میں ملکہ مہرالنساء کا کردار ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا جس پر انہیں آئیفا ایوارڈ بھی ملا۔

حال ہی میں وہ سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ہیرا منڈی میں باغی کردار ببّو جان کے روپ میں ناظرین کے دل جیت چکی ہیں۔ آدتی صرف ہندی ہی نہیں بلکہ تمل، تیلگو اور ملیالم فلموں میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکی ہیں جن میں مانی رتنم کی فلم کاترو ویلییدئی خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔

آدتی کا تعلق ایک شاہی گھرانے سے ہے۔ ان کے پردادا اکبر حیدری ریاست حیدرآباد کے وزیرِاعظم رہ چکے ہیں۔انہوں نے 2002 میں اداکار ستیا دیپ مشرا سے شادی کی تھی تاہم 2013میں دونوں میں علیحدگی ہو گئی اور پھر ستمبر 2024 میں انہوں نے اداکار سدھارتھ سے ایک سادہ تقریب میں شادی کر لی۔

آدتی راؤ حیدری اپنی دلکشی، وقار اور متنوع اداکاری سے بھارتی سنیما میں اپنی جگہ مزید مضبوط کرتی جا رہی ہیں۔ سالگرہ کے اس موقع پر مداحوں کی جانب سے انہیں نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








