پاکستان جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی سیریز آج سے شروع، میچ کتنے بجے ہوگا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan take on South Africa in first T20I in Rawalpindi today
ONLINE

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم آج رات ایک سنسنی خیز مقابلے کا گواہ بننے جا رہا ہے جہاں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ شام آٹھ بجے شروع ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ایک سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے جارح مزاج اوپنر کوئنٹن ڈی کاک بھی مختصر فارمیٹ میں دوبارہ اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے میچ سے قبل امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آج بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز 1،1 سے برابر رہی تھی۔

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر ڈی کاک اگرچہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں تاہم انہوں نے باضابطہ طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیرباد نہیں کہا تھا۔ گزشتہ سال کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد وہ پہلی مرتبہ اس ماہ نمیبیا کے خلاف میدان میں اترے۔

دوسری جانب بابر اعظم نے مئی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے بعد سے اب تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا۔

ان کی ٹیم میں واپسی اس وقت ہوئی ہے جب انہیں اس فارمیٹ سے خارج کر دیا گیا تھا، کیونکہ ان کی کارکردگی اور کم اسٹرائیک ریٹ پر سلیکشن کمیٹی کو تحفظات تھے۔

پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی طویل وقفے کے بعد ٹیم میں واپس آ رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل مختصر فارمیٹ کے مستقل رکن شمار کیے جاتے تھے۔

جنوبی افریقہ نے اس سیریز کے لیے اپنے چند اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے تاکہ بھارت کے خلاف آئندہ مکمل دورے کی تیاری کی جا سکے۔

تجربہ کار بلے باز ایڈن مارکرم اور ٹریسٹن سٹبز کو آرام دیا گیا ہےجبکہ ڈیوڈ ملر انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ ٹیم کی قیادت ڈونووان فریرا کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ اسپنر کیشو مہاراج کو بھی آرام دیا گیا ہے۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے چند نمایاں کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باوجود یہ سیریز پاکستان کے لیے اگلے سال کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا بہترین موقع ہے۔

پاکستان ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، سلمان علی آغا (کپتان)، عثمان خان (وکٹ کیپر)، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، ابرار احمد شامل ہونگے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کاک، ریان ریکلٹن (وکٹ کیپر)، ریضا ہینڈرکس، میتھیو بریٹزکے، ڈیوالڈ بریوس، ڈونووان فریرا (کپتان)، جارج لنڈے، کاربن بوش، نندرے برگر، لنگی انگیدی، اوٹنئیل بارٹمین شامل ہونگے۔

Related Posts