جنگ بندی یا امن! پاکستان اور افغان طالبان کے مذاکرات ختم، نتیجہ کیا نکلا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan-Afghan Taliban talks conclude, next round on November 6 in Istanbul
ONLINE

ترکی کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے اختتام پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے جبکہ مذاکرات کا اگلا دور 6 نومبر سے استنبول میں شروع ہوگا۔ ان مذاکرات میں ترکی اور قطر نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق 25 سے 30 اکتوبر کے دوران استنبول کے ساحلی علاقے میں پاکستان، افغانستان، ترکی اور قطر کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ فریقین نے نہ صرف جنگ بندی جاری رکھنے بلکہ اس کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام قائم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اصول بھی طے کیا گیا۔

ترکی اور قطر نے مذاکرات میں پاکستان اور افغان نمائندوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا یہ تعاون خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے۔

ترک وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکی اور قطر آئندہ بھی اس امن عمل کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق آئندہ دور کے مذاکرات میں جنگ بندی کے نفاذ کے اصول اور قواعد کو حتمی شکل دی جائے گی۔

استنبول میں 6 نومبر سے شروع ہونے والے نئے مذاکراتی مرحلے میں تمام فریقین امن معاہدے کے عملی اقدامات پر غور کریں گے۔

Related Posts