پرانے ساتھی پھر ایک ساتھ؟ شاہ محمود قریشی سے ملاقات نے نئی قیاس آرائیاں چھیڑ دیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی سے سابق رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (PKLI) اسپتال میں ہوئی جہاں شاہ محمود قریشی طبی معائنے کے لیے موجود تھے۔

سابق پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری، محمود مولوی اور عمران اسماعیل نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی جبکہ موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کو پی ٹی آئی کی اندرونی رابطہ کاری کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ پارٹی اس وقت مختلف قانونی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی پر مختلف عدالتوں میں کئی مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جن میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیس بھی شامل ہے تاہم حال ہی میں لاہور کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے انہیں 9 مئی کیس میں بری کر دیا جبکہ دیگر رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

یہ شاہ محمود قریشی کے حق میں لاہور کی عدالت سے چوتھی بریت ہے جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ان کے مستقبل کے کردار پر بھی نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

Related Posts