سرمایہ کاروں کو 200 ارب ڈالر نقصان؟ اربوں ڈالر کا اے آئی مگر منافع صفر! میٹا شیئرز میں 12 فیصد کمی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ٹیکنالوجی کی دنیا میں مصنوعی ذہانت (AI) کی دوڑ تیزی سے جاری ہے اور میٹا جوکہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی ہے اس میدان میں سب سے زیادہ سرمایہ لگا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی امریکہ میں دو بڑے ڈیٹا سینٹرز تعمیر کر رہی ہے جبکہ اگلے تین سالوں میں تقریباً 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے یہ بے تحاشا اخراجات جہاں سیلیکون ویلی کے لیے حیران کن نہیں مگر وال اسٹریٹ کے سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑا رہے ہیں۔

سرمایہ کاروں کی پریشانی کیوں بڑھی؟

حالیہ مالیاتی رپورٹ کے مطابق میٹا کے اخراجات میں ایک سال کے دوران 7 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ سرمایہ جاتی اخراجات (Capital Expenditure) تقریباً 20 ارب ڈالر تک جا پہنچے۔ یہ سارا پیسہ بنیادی طور پر اے آئی ماہرین کی بھرتی اور نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کیا گیا مگر اب تک اس سے کوئی واضح آمدنی سامنے نہیں آئی۔

تجزیہ کاروں نے سی ای او مارک زکربرگ سے سوال کیا کہ آخر اتنی بھاری سرمایہ کاری کا فائدہ کب ملے گا تو انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے پاس اتنی کمپیوٹنگ طاقت ہو کہ ہم اے آئی ریسرچ اور نئے ماڈلز میں سب سے آگے رہیں۔ یہ ایک بڑی موقع کی دنیا ہے جس کے نتائج ابھی آنے والے ہیں تاہم سرمایہ کار اس بیان سے مطمئن نظر نہیں آتے ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ میں میٹا کے شیئرز 12 فیصد گر گئے اور کمپنی کے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 200 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔

سوال یہ ہے: اتنا پیسہ جا کہاں رہا ہے؟

مالیاتی لحاظ سے کمپنی اب بھی مستحکم ہے اس سہ ماہی میں اس نے 20 ارب ڈالر منافع کمایا مگر یہ پہلی بار تھا کہ اے آئی پر کیے گئے بڑے اخراجات نے کمپنی کے منافع پر نمایاں اثر ڈالا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق میٹا کے زیادہ تر اخراجات بڑے ڈیٹا سینٹرز اور اے آئی ریسرچ ٹیموں پر ہوئے لیکن ابھی تک کوئی نمایاں مصنوعی ذہانت کا نیا پروڈکٹ سامنے نہیں آیا۔

زکربرگ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں میٹا اے آئی اسسٹنٹ، “Vibes” ویڈیو جنریٹر اور نئی اسمارٹ عینک (Vanguard Glasses) کمپنی کے مستقبل کا حصہ ہیں مگر فی الحال یہ سب تجرباتی سطح پر ہیں، مکمل کاروباری مصنوعات نہیں۔

دیگر کمپنیوں کا کیا حال ہے؟

گوگل، اینویڈیا (NVIDIA) اور اوپن اے آئی (OpenAI) بھی اربوں ڈالر اے آئی پر خرچ کر رہی ہیں لیکن ان کے پاس واضح آمدنی کے ذرائع موجود ہیں جیسے ChatGPT یا گوگل کلاؤڈ کی اے آئی سروسز جبکہ میٹا ابھی تک ایسا کوئی کامیاب اے آئی پروڈکٹ پیش نہیں کر سکا جس سے سرمایہ کاری کا پھل مل سکے۔

آگے کیا؟

زکربرگ کا کہنا ہے کہ میٹا سپر انٹیلیجنس لیب (MSL) میں بنائے جا رہے نئے اے آئی ماڈلز انتہائی جدید ہوں گے اور آنے والے مہینوں میں کچھ نئی مصنوعات پیش کی جائیں گی تاہم مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ وقت کم اور دباؤ زیادہ ہے۔ اگر میٹا نے جلد کوئی نمایاں اے آئی پروڈکٹ لانچ نہ کیا تو سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید کم ہو سکتا ہے۔

Related Posts