ہیرس کو لانا غلطی تھی، جارج کلونی نے ڈیموکریٹس پر تنقید کا گولا داغ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

جارج کلونی، فائل فوٹو

سی بی ایس کے پروگرام “سنڈے مارننگ” میں گفتگو کرتے ہوئے ہالی ووڈ اداکار اور ڈیموکریٹس کے حامی جارج کلونی نے کہا کہ اُن کے خیال میں کمالا ہیرس کا جو بائیڈن کی جگہ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بننا ایک “غلطی” تھی۔

یہ بیان اُن کے 2024 کے انتخابات اور اپنی سیاسی شمولیت پر مجموعی تبصرے کا حصہ تھا۔

کلونی نے یہ بھی کہا کہ انہیں جولائی 2024 میں لکھے گئے نیویارک ٹائمز کے اپنے مضمون پر کوئی افسوس نہیں، جس میں انہوں نے بائیڈن کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی کمزور مباحثہ کارکردگی کے بعد دستبردار ہو جائیں۔

اس مضمون میں کلونی نے لکھا تھا کہ تین ہفتے قبل فنڈ ریزر میں جس جوبائیڈن سے میں ملا، وہ 2010 والا پرجوش اور بااعتماد بائیڈن نہیں تھا۔

کلونی نے اگرچہ بائیڈن کی جگہ ہیرس کے آنے کو ایک غلط فیصلہ قرار دیا، لیکن ساتھ ہی اعتراف کیا کہ ہیرس کو ایک “بہت مشکل ذمہ داری” دی گئی تھی، کیونکہ انہیں اپنی ہی کارکردگی کے خلاف انتخابی مہم چلانی پڑی۔

کلونی کا کہنا تھا کہ اُن کے خیال میں ڈیموکریٹس کو کسی نئے امیدوار کے انتخاب کے لیے ایک نیا پرائمری الیکشن کروانا چاہیے تھا، بجائے اس کے کہ سیدھے کمالا ہیرس کو نامزد کر دیا جائے۔

کلونی کی اس مہم میں مداخلت پر تنقید بھی ہوئی۔ یوٹیوب چینل “چینل 5 وِد اینڈریو کالگھن” کو دیے گئے انٹرویو میں ہنٹر بائیڈن نے سخت الفاظ میں کلونی پر تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ انہوں نے اس معاملے میں دخل کیوں دیا۔

اگرچہ کلونی نے اس تبدیلی کو غلطی کہا، لیکن 2024 میں بائیڈن کے دستبردار ہونے کے بعد انہوں نے کمالا ہیرس کی حمایت کی تھی اور اُن کی انتخابی مہم کے لیے عوامی سطح پر حمایت کی اپیل بھی کی تھی۔

تاہم ہیرس کی ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کے بعد اطلاعات کے مطابق کلونی خود کو اس ناکامی کا “بَلی کا بکرا” سمجھنے لگے ہیں اور اب انہوں نے سیاست سے کچھ عرصے کے لیے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Related Posts