کراچی میں ڈمپر مافیا بے لگام، موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، مشتعل مظاہرین پر گولیاں برسادیں، ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

Dumper hits bike, motorcyclist killed; mob attacks Dumper Association head
FILE PHOTO

کراچی کے علاقے نشتر روڈ رامسوامی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہو گئی۔

حادثے کے بعد موقع پر پہنچنے والے ڈمپر ایسوسی ایشن کے سربراہ لیاقت محسود پر مشتعل عوام نے پتھراؤ کر دیا جس کے جواب میں ان کے محافظ نے ہوائی فائرنگ کی۔

حادثہ رات گئے پیش آیا جب 24 سالہ نوجوان شہری شاہ زیب جو گارڈن کا رہائشی اور کپڑوں کے کاروبار سے منسلک تھا، اپنی موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار دی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ زیب کی موت موقع پر ہی واقع ہو گئی جبکہ اس کی اہلیہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈمپر ایسوسی ایشن کے سربراہ لیاقت محسود اپنے محافظ کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے، تاہم مشتعل شہریوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور پتھراؤ شروع کر دیا۔

ہجوم نے ان کی گاڑی کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی جس پر ان کے محافظ نے فضا میں ہوائی فائرنگ کر کے عوام کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔

بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ لیاقت محسود کے ساتھیوں نے مشتعل افراد پر سیدھی گولیاں برسائیں۔

بعد ازاں لیاقت محسود نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ انہیں آدھی رات کے وقت حادثے کی اطلاع ملی، جس کے بعد انہوں نے ایس ایس پی سے رابطہ کر کے اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کی۔ ان کے بقول ایس ایچ او نے انہیں قانونی کارروائی کے لیے موقع پر آنے کو کہا۔

 

لیاقت محسود کے مطابق وہ تقریباً 20 سے 25 ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پہنچے اور متاثرہ خاندان سے اظہارِ افسوس کیا، تاہم دو سے ڈھائی ہزار افراد نے انہیں گھیر کر جان سے مارنے کی کوشش کی۔پولیس نے علاقے کو کلیئر کر کے جائے حادثہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ڈمپر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

Related Posts