پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے نیا ٹریفک لائسنس پوائنٹس سسٹم متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے جو دبئی جیسے جدید ٹریفک مانیٹرنگ ماڈل کی طرز پر بنایا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت ہر ٹریفک خلاف ورزی پر ڈرائیور کے لائسنس سے دو سے چار پوائنٹس منفی کیے جائیں گے۔
اگر کسی شہری کے خلاف ایک سال میں بیس پوائنٹس کٹ جائیں تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس دو ماہ سے لے کر ایک سال تک معطل کیا جا سکے گا، یہ مدت خلاف ورزی کی سنگینی اور تکرار پر منحصر ہوگی۔
ٹریفک حکام کے مطابق یہ نیا پوائنٹس بیسڈ سسٹم ان ڈرائیورز کے لیے سخت احتسابی اقدام ہے جو بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر اوور اسپیڈنگ اور سنگنل توڑنے کی صورت میں چار پوائنٹس منفی کیے جائیں گے، اس کے علاوہ مالی جرمانہ بھی الگ سے عائد کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ٹریفک قوانین کا مقصد شہریوں میں محتاط اور محفوظ ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔
اس نظام کے تحت جرمانے صرف مالی سزا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان کے طویل المدتی اثرات بھی سامنے آئیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ دوہرا جرمانہ نظام لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے رحجان کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوگا اور صوبے بھر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








