سود خوروں کے ظلم سے تنگ بیوی کے بعد شوہر نے بھی خودکشی کر لی، لواحقین کا میت سڑک پر رکھ کر احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

گوجر خان میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی پُراسرار موت کے واقعے میں انصاف نہ ملنے پر مایوس ہوکر خودکشی کرلی۔ افسوسناک واقعے سود خوروں اور بھتہ خوروں سے جوڑا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد غمزدہ خاندان نے ایس پی گوجر خان کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس سے قبل خودکشی کرنے والے شخص شیراز آفتاب کی بیوی نے مبینہ طور پر سود خوروں اور بھتہ خوروں کی جانب سے ہراسانی کے بعد خودکشی کرلی تھی۔ اس نے موت سے پہلے اپنے شوہر کے نام ویڈیو پیغامات بھی ریکارڈ کیے تھے۔ پولیس اس کیس کی تحقیقات کر رہی تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق شیراز آفتاب نے آج مایوسی کے عالم میں خود پر گولی چلا کر اپنی جان لے لی۔ جس کے بعد متوفی کے رشتہ داروں نے لاش کو ایس پی آفس کے باہر لا کر پولیس کی غفلت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

شیراز کے والد نے پولیس پر سنگین الزامات لگائے، ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی موت کا ذمہ دار ایک پولیس افسر ہے۔ انہوں نے کہا، “میرے بیٹے کا قاتل ایک پولیس افسر ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان کو کرسیوں پر بٹھایا گیا، جبکہ میرا بیٹا، جو مدعی تھا، اسے کھڑا رکھا گیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ میرا بیٹا روتا ہوا گھر آیا اور بولا کہ ابا مجھے یقین ہو گیا ہے کہ انصاف نہیں ملے گا۔

احتجاج کے بعد ایس پی صدر انعم شیر مظاہرین سے مذاکرات کے لیے وہاں پہنچ گئیں۔ دوسری جانب شیراز افتاب کی خودکشی سے پہلے ریکارڈ کیا گیا ویڈیو بیان بھی منظرِ عام پر آ گیا ہے۔ اس جذباتی ویڈیو میں شیراز انتہائی کرب کے عالم میں کئی افراد کے نام لیتے ہوئے کہتا ہے کہ وہی اس کی بیوی کی موت کے ذمہ دار ہیں۔

شیراز نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں میرا نام شیراز آفتاب ہے۔ سب جانتے ہیں میری بیوی کے ساتھ کیا ہوا اور ان کی موت کے کون ذمہ دار ہیں، عدیل، موسیٰ، جواد، دولتالہ کی عورت اور برطانیہ سے نازیہ اور سائرہ، یہ سب میری بیوی کے قاتل ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اب میری زندگی بھی ختم ہونے والی ہے کیونکہ میں ان طاقتور لوگوں سے نہیں لڑ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے دوستوں نے میرا ساتھ دیا، یہاں بھی اور بیرونِ ملک بھی۔ میرے ساتھ ظلم ہوا ہے۔ یہ لوگ پیسوں کے بل پر میرے کیس کو بگاڑ دیں گے۔ میرا دل ٹوٹ گیا ہے، اب میرے پاس اپنے درد کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں رہے۔

Related Posts