دبئی نے الیکٹرک ہوائی ٹیکسی کی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی۔
انفراسٹرکچر منصوبوں کے جائزے کے دوران دبئی کے ولی عہد، نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ دفاع اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کو اس کامیاب آزمائشی پرواز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
یہ ہوائی ٹیکسی مرغم (Margham) سے اڑی اور المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DWC) پر اتری۔
منصوبے کے عملی تجربات دبئی کے صحرائی علاقے میں امریکی کمپنی جوبی ایوی ایشن انکارپوریٹڈ (Joby Aviation Inc.) کے زیرِ اہتمام جاری ہیں۔ کمپنی نے حال ہی میں دو مختلف مقامات کے درمیان اس برقی ہوائی ٹیکسی کی پہلی انسان بردار پرواز مکمل کی۔
رپورٹس کے مطابق یہ ہوائی ٹیکسی مکمل طور پر برقی اور ماحول دوست ہے۔ اس میں چھ پروپیلر اور چار آزاد بیٹری پیک لگے ہیں، جو اسے 160 کلومیٹر تک کی پرواز اور 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار فراہم کرتے ہیں۔ یہ ٹیکسی پائلٹ کے علاوہ چار مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ سنگِ میل دبئی میں شہری علاقوں تک ہوائی ٹیکسی کے تجربات کے پھیلاؤ کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ حکام کے مطابق جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اشتراک سے 2026 تک اس سروس کو عام مسافروں کے لیے باضابطہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








