معروف ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے۔
واٹس ایپ نے اب وہ فیچر آخرکار لانچ کردیا ہے، جس کا یورپ میں طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ توقع ہے کہ یہ فیچر جلد ہی دنیا کے دیگر خطوں میں بھی مرحلہ وار متعارف کرا دیا جائے گا۔
واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق اب ایپ صارفین کو یہ سہولت دے گی کہ وہ سیدھا واٹس ایپ سے دیگر میسجنگ ایپس کو پیغام بھیج سکیں۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے یہ فیچر ابتدائی طور پر صرف یورپ میں متعارف کرایا ہے اور فی الحال یہ صرف آئی او ایس (iOS) صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ سے کسی بھی ہم آہنگ میسجنگ ایپ کو پیغامات بھیج سکیں گے، تاہم ابتدائی مرحلے میں وہ صرف ایک ایپ کو کنیکٹ کرکے اسے پیغام بھیج سکیں گے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جلد ہی صارفین واٹس ایپ سے ایک ساتھ کئی مختلف ایپس پر بھی براہِ راست پیغام بھیج سکیں گے۔
صارفین صوتی پیغامات، تصاویر، ویڈیوز، ٹیکسٹ میسجز اور فائلیں بھی دوسری ایپس کو بھیج سکیں گے، تاہم واٹس ایپ اسٹیٹس کو شیئر نہیں کیا جا سکے گا۔
فی الحال یہ فیچر صرف یورپی یونین کے رکن ممالک میں محدود پیمانے پر جاری کیا گیا ہے، لیکن توقع ہے کہ یورپ میں وسیع پیمانے پر نفاذ کے بعد اسے دنیا کے دیگر خطوں میں بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








