راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 212 رنز کا ٹارگٹ دے دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے محتاط آغاز کیا اور 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنا لیے، تاہم اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرنے سے مہمان ٹیم کوئی بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی۔
پاتھوم نسانکا نے 27 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جبکہ کامیلا مشارا نے 30 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان کوسال مینڈس نے 54 گیندوں پر 34 رنز جوڑے اور سدھیرا سماراوکراما 65 گیندوں پر 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ پون رتھنا ایکا نے 37 گیندوں پر 32 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر اور فیصل اکرم نے دو دو وکٹیں لیں۔ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی اور شاندار فیلڈنگ کی بدولت ایک رن آؤٹ بھی ہوا جو متبادل کھلاڑی صائم ایوب اور وکٹ کیپر حسیب اللہ خان نے مل کر کیا۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے چار تبدیلیاں کیں، جن میں انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد کپتان شاہین شاہ آفریدی کی واپسی بھی شامل تھی۔ دوسری جانب سری لنکا اپنے کپتان چریت اسالنکا کی غیر موجودگی میں کھیل رہا ہے، جو بیماری کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








