پاکستان کے اہم کاروباری اداروں کے مالک کے پلیٹ فارم سی ای او کلب پاکستان کی جانب سے سالانہ ایوارڈز 2024-25 کا اعلان کر دیا گیا، جس میں کئی اہم کاروباری اداروں اور شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی چیئرپرسن گُلمینہ بلال احمد کو پاکستان کی بہترین چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اعزاز دیا گیا۔
واضح ہو کہ سی ای او کلب پاکستان ملک کا معتبر بزنس نیٹ ورکنگ اور لیڈرشپ پلیٹ فارم ہے، جو اعلیٰ کاروباری رہنماؤں، صنعتکاروں، عالمی و مقامی چیف ایگزیکٹوز اور سینئر پروفیشنلز کو یکجا کرتا ہے۔ ادارہ ہر سال سی ای او سمٹس، کانفرنسز، ایوارڈز اور اپنی نمایاں اشاعت “پاکستان کے 100 بہترین سی ای اوز اور کمپنیاں” کے ذریعے ملک کی بزنس کمیونٹی کو اجاگر کرتا ہے۔
ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز میں اس بار ال برکتہ بینک کے سی ای او محمد عاطف حنیف، ایف ایف اسٹیل سے ڈاکٹر روبینہ خلجی، اور خیبر بینک کے سی ای او حسن رضا بھی اعزازات کے حق دار ٹھہرے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے موزوں ماحول رکھتا ہے اور ملکی ٹیلنٹ عالمی معیار کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مؤثر حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب میں سی ای او کلب پاکستان کے بانی و صدر اعجاز نثار، امریکی قونصل جنرل پشاور تھامس ایکرٹ، مشیر خزانہ مزمل اسلم، انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر ایوب زکوڑی، سفیر حامد اصغر خان، سی ای او اسلام آباد چیپٹر کے صدر زاہد لطیف خان، سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف، راولپنڈی چیمبر کے صدر عثمان شوکت اور ملک بھر سے آئے ممتاز سی ای اوز، بزنس لیڈرز اور ویمن چیمبرز کی نمائندگان نے شرکت کی۔
اس ایوارڈ تقریب کو پاکستان میں کاروباری قیادت کی حوصلہ افزائی اور قومی معاشی امیج کو اجاگر کرنے کی ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








