شادی سے ایک گھنٹہ قبل دولہا نے دلہن کو خون میں نہلا دیا، انتہائی دلخراش واقعہ

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بھاؤنگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دولہا نے شادی سے صرف ایک گھنٹہ قبل اپنی ہونے والی دلہن کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پربھوداس جھیل کے قریب ٹیکری چوک کے علاقے میں پیش آیا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ساجن برائیا اور سونی ہمت رٹھوڑ کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعلق تھا۔ دونوں کی منگنی ہو چکی تھی اور شادی کی تقریب ہفتہ کی رات ہونا تھی۔ تاہم ساڑھی اور رقم کے تنازع پر شادی سے کچھ دیر پہلے دونوں میں شدید جھگڑا ہوا۔

پولیس کے مطابق تلخ کلامی بڑھنے پر ساجن طیش میں آگیا اور اس نے لوہے کی پائپ سے سونی پر حملہ کیا، پھر اس کا سر دیوار سے ٹکرایا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ واردات کے بعد ملزم گھر میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسی روز ساجن کا اپنے ایک پڑوسی سے بھی جھگڑا ہوا تھا، جس کی شکایت درج کی گئی تھی۔

قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Related Posts