قطر کے دارالحکومت دوحہ میں رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے بد ترین شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت اے نے مقررہ 19 اوورز میں 136 رنز بنائے جس میں سوریاونسی نے 45 اور نمن دھیر نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان شاہینز کے شاہد عزیز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان شاہینز نے صرف 13.2 اوورز میں 137 رنز بنا کر فتح حاصل کی۔ معاذ صداقت نے 47 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت دلائی۔ محمد فائق 16، محمد نعیم 14 اور یاسر 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ پاکستان شاہینز کی ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی ہے اور ان کا اگلا گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے نوجوان کرکٹرز اور پوری قوم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔
What a proud moment for Pakistan and for the Board today! 🇵🇰✨
Our Pakistan Shaheens defeated India A by 8 wickets, chasing down the target in just 13.2 overs.
A dominant, fearless and unforgettable performance in the Asia Cup Rising Stars Tournament in Doha.
Superb cricket by… pic.twitter.com/ZmnAtXQhKA— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) November 16, 2025
انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ پوری قوم کے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے کہ پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو صرف 13.2 اوورز میں شکست دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان کی سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح اور بھارت اے کے خلاف رائزنگ اسٹار ایشیا کپ میں کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شاہینوں نے بھارت کو بُری طرح شکست دی اور امید ہے کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ آئندہ بھی کامیاب رہیں گے۔ انہوں نے قومی ٹیم کی محنت، عزم اور صلاحیت کو سراہتے ہوئے مزید کامیابیوں کی توقع ظاہر کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








