کلاؤڈ فلیئر سروسز میں تکنیکی خرابی، انٹرنیٹ سروسز متاثر، پی ٹی اے کا بیان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

کلاؤڈ فلیئر
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہونے کے بعد وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات درپیش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر جاری پریس ریلیز میں کہا کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹ دیکھی جا رہی ہے اور اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور کلاؤڈ فلیئر کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

پریس ریلیز میں پی ٹی اے ترجمان نے کہا کہ پی ٹی اے اس عالمی سطح کی خرابی کو مسلسل مانیٹر کررہا ہے جو ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کی خدمات پر اثر ڈال رہی ہے۔ہم عالمی سروس فراہم کنندگان اور ملکی آپریٹرز کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ انٹرنیٹ سروسز کی مکمل بحالی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ آج پاکستان اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو کلاؤڈ فلیئر کمپنی میں تکنیکی خرابی کے باعث مشکلات کا سامنا رہا،  صارفین کو خاص ظور پر چیٹ جی پی ٹی، ایکس اور کینوا سمیت کلاؤڈ فلیئر استعمال کرنے والی متعدد کمپنیوں کی خدمات میں تعطل کا سامنا رہا۔

اس حوالے سے کلاؤڈ فلیئر کمپنی نے مختصر بیان میں کہاکہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہے اور اسے حل کرنے کی کوشش کررہی ہے، جبکہ برطانوی میڈیا نے اعتراف کیا کہ کلاؤڈ فلیئر کی خدمات متاثر ہونے کے باعث ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین کو آپس میں گفتگو اور پوسٹس میں مشکلات کا سامنا رہا۔

Related Posts