پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے پر مشتمل ٹرائی نیشن ٹی 20سیریز میں بڑا اَپ سیٹ، زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی ہے جبکہ سری لنکن ٹیم زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا میچ ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹس کے نقصان پر 162رنز بنائے تھے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم صرف 95رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ زمبابوے کی ٹیم نے یہ میچ 67رنز سے جیت لیا۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران سری لنکن ٹیم کی جانب سے داسن شناکا 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھانوکا راجاپکشا 11، کمنڈو مینڈس 9، ونندو ہسارنگا 8، مہیش ٹھیکشانا 8، کوشل مینڈس 6، کوشل پریرا 4، دشمانتا چمیرا 1، ایشان ملنگا 1 اورپتھم نسانکا 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔سری لنکن ٹیم کے نوان تھشارا 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹنے والے واحد کھلاڑی تھے۔
دوسری جانب زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاروا اور بریڈ ایونز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔گریم کریمر، ٹینو ٹینڈا مپوسا، سکندر رضا اور رائن برل نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز اسکور کیے۔
زمبابوے کی جانب سے برائن بینیٹ اور کپتان سکندر رضا بالترتیب 49 اور 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ رائن برل 18، ٹشِنگا موسیکوا 11، برینڈن ٹیلر 11، ٹیڈیوناشے مارومانی 10، بریڈ ایونز 4 اور ٹونی مُنیونگا 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ٹینوٹینڈا مپوسا 5 اور گریم کریمر 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارانگا نے 3 جبکہ ایشان ملنگا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دشمانتا چمیرا اور مہیش ٹھیکشانا نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یوں زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان سے شکست کے بعد ٹرائی نیشن سیریز میں پہلا میچ جیت کر جھنڈے گاڑ دئیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








