پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کے ناموں سے متعلق گردش کرتی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فیصل آباد اور گلگت کو پی ایس ایل 11 میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیموں کے طور پر حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ میڈیا میں دو نئی ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائزز کے ناموں کو حتمی شکل دینے سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ابھی تک دو نئی ٹیموں کے حوالے سے کسی شہر کے انتخاب کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ بولی کے عمل کے لیے چھ نام فراہم کیے گئے ہیں اور کامیاب بولی دہندگان انہی میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ سرکاری طریقہ کار کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ بولی دستاویزات میں شامل کسی بھی شہر کا نام اپنی فرنچائز کے طور پر منتخب کریں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پہلے چھ شہروں کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے جن میں فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد شامل ہیں۔
پی سی بی نے دنیا بھر سے نئی پی ایس ایل ٹیموں کے لیے تجاویز طلب کی ہیں، جبکہ تکنیکی تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








