دبئی ائیر شو، ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی دوست ممالک کے ائیر چیفس سے ملاقاتیں

تازہ ترین

تازہ ترین

ائیر چیف
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان ائیر فورس کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے دبئی ائیر شو 2025 ءمیں شرکت کی جس کے دوران دوست ممالک کے ائیر چیفس کے ساتھ ملاقاتیں بھی کی ہیں۔دبئی ائیر شو میں پاک فضائیہ کے طیارے جے ایف 17تھنڈر کا چرچا رہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق ائیرچیف نے متحدہ عرب امارات کے ائیر اسٹاف کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل علی البرائیل ، کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئرڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی سے ملاقات کی جس کے دوران اعلیٰ عسکری تربیت میں تعاون مضبوط بنانے، ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں تعاون کے فروغ پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کے جدت کے اقدامات اور صلاحیتوں کو سراہا۔

دریں اثناء پاکستان ایئرفورس کا دستہ دبئی ایئرشو2025ء میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ گیا، دستے میں جدید جے ایف 17تھنڈر بلاک  III  اور سپرمشاق ٹرینر طیارے شامل ہیں، جے ایف  17 تھنڈر بلاک-III دفاعی تجزیہ کاروں،ہوابازی کےماہرین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کئی ممالک کی جے ایف  17 تھنڈر کے حصول میں دلچسپی قابل ذکر پیشرفت قرار دی گئی ۔ جے ایف 17تھنڈرکی خریداری کیلئے دوست ملک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے جو دوست ممالک کے پاکستان کی عسکری قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

Related Posts