ای چالان صرف کراچی کیلئے، جرمانے کسی صورت کم نہیں ہوں گے، سندھ حکومت ڈٹ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو، پروپاکستانی

صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے واضح کیا ہے کہ ای چالان کا اطلاق صرف کراچی کے شہریوں پر ہوگا اور جرمانوں میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کی حالیہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں ڈویژنل بورڈز کو فعال بنایا جائے گا اور کراچی میں ہر سطح پر صفائی اور کوڑا اٹھانے کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں سے کچرا اٹھانے کا عمل لازمی ہونا چاہیے تاکہ شہر کی صفائی یقینی بنائی جا سکے۔

ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے بیانات دے کر اپنے آپ کو مضبوط دکھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے بھی نئے صوبے کے حوالے سے بیانات دیے تھے اور اگر ضرورت پڑتی تو ہم انہیں مناسب انداز میں ہینڈل کرتے۔

وزیر بلدیات نے زور دے کر کہا کہ ای چالان صرف کراچی والوں کے لیے لاگو ہوگا اور جرمانوں میں کمی نہیں کی جائے گی، اور شہر کی بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور سوال اٹھایا کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے کیوں کنارہ کشی اختیار کی، جبکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بلدیاتی نظام ہی ختم کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ میں ای چالان کے مختلف جرمانوں میں کمی یا نہ کرنے کے حوالے سے عوامی مطالبات پر بات چیت جاری تھی۔

Related Posts