پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں بڑا اضافہ ہونے والا ہے کیونکہ ملک کو SEA-ME-WE 6 سب میرین کیبل سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہ ایک ہائی کیپیسٹی فائبر نیٹ ورک ہے جو پاکستان کو سنگاپور سے فرانس تک کے متعدد ممالک سے جوڑتا ہے۔
SEA-ME-WE 6 (South East Asia-Middle East-West Europe 6) تقریباً 21,700 کلومیٹر طویل سب میرین کیبل ہے جو سنگاپور سے فرانس (مارسیلی) تک جاتی ہے اور راستے میں مصر سے مختلف زمینی کیبلز کے ذریعے گزرتی ہے، جس کے 17 لینڈنگ پوائنٹس ہیں۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق یہ 19,200 کلومیٹر طویل ہائی کیپیسٹی فائبر نیٹ ورک پاکستان کو سنگاپور اور فرانس کے درمیان موجود ممالک سے جوڑتا ہے۔ اس کی کل صلاحیت 100 ٹیرا بٹ فی سیکنڈ سے زیادہ ہے، جس سے جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی یورپ کے درمیان سب سے کم تاخیر والا انٹرنیٹ رُوٹ فراہم ہوگا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں پاکستان کی جانب سے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کے علاوہ بنگلہ دیش، بھارت (Airtel)، دھیراگو، جیبوتی ٹیلیکام، موبیلی، اورنج، سنگٹیل، سری لنکا ٹیلیکام، ٹیلیکام مصر، ٹیلیکوم ملیشیا اور ٹیلن شامل ہیں۔
SEA-ME-WE 6 کیبل میں فائبر کی نئی جوڑیاں پچھلے سسٹمز کے مقابلے میں دوگنی صلاحیت فراہم کرتی ہیں، جس سے ایشیا-یورپ کے ہائی ٹریفک روٹس پر استحکام اور تنوع بڑھتا ہے۔ یہ نظام زیادہ رفتار، بہتر فالٹ پروٹیکشن اور نیٹ ورک کی مجموعی لاگت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
پاکستان کے لیے کل 13.2 ٹیرا بٹ فی سیکنڈ کی بین الاقوامی بینڈوڈتھ مختص کی گئی ہے جس میں سے 4 ٹیرا بٹ فی سیکنڈ فوری طور پر فعال کی جا رہی ہے۔ اس سے ملک کی بین الاقوامی انٹرنیٹ صلاحیت بہتر ہوگی اور کلاؤڈ سروسز، ڈیٹا سینٹرز، فِن ٹیک، ای کامرس، اسٹریمنگ اور دیگر ڈیجیٹل اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر سہارا ملے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








