مسلم لیگ (نون) کے قائد میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ صرف عمران نیازی ہی نہیں بلکہ اس کو لانے والے تمام سہولت کار بھی مجرم ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک جو حالات پیدا ہوئے ان کے ذمہ دار پی ٹی آئی ہیں۔ نفرت، جھوٹ اور فتنہ کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا۔
نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ملک میں صرف تباہی آئی، بدتمیزی کا کلچر عام ہوا اور معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی پی ٹی آئی کے دور میں 39 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ان کے دور حکومت میں صرف تین فیصد تھی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ اگر ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج پاکستان دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتا اور آئی ایم ایف کی فکر نہیں کرنی پڑتی۔
انہوں نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ بائیکاٹ کیسا ہے جس میں عمر ایوب کی بیگم الیکشن لڑ رہی تھی۔
انہوں نے نون لیگ کی حکومت کے ترقیاتی کاموں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ آج میرٹ پر کام ہورہا ہے، لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں، گرین بسیں چل رہی ہیں، امن و امان بہتر ہوا ہے اور راشن کارڈ بغیر مذہبی تفریق کے دیے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








