پشاور کے علاقے حسن خیل میں ایک گیس پائپ لائن پھٹنے کے بعد 24 انچ کی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک گئی جس کے نتیجے میں عوامی حفاظت کے لیے گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی۔
سوئی ناردرن گیس کے جنرل منیجر وقاص شنواری کے مطابق دھماکہ حسن خیل میں واقع کرک سے نوشہرہ جانے والی گیس پائپ لائن میں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دھماکے کی وجہ سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور سوات میں صارفین کو گیس کی فراہمی متاثر ہوگی۔ متعلقہ ٹیمیں موقع پر پہنچ کر گیس کی سپلائی بند کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔
وقاص شنواری نے کہا کہ دھماکے کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوئی، اور موقعے کی مکمل جانچ کی جائے گی۔
دوسری جانب، سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مقامی رہائشیوں کو آگ سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور سوئی گیس کے اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ گیس کی سپلائی فوری طور پر بند کریں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گیس پائپ لائن دھماکے میں دہشت گردی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








