کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایک نائی کی دکان مسلح ڈکیت کے حملے کا نشانہ بنی، جہاں ایک اکیلا ڈاکو دکان میں داخل ہوا اور گاہکوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر ان سے نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا اور اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو ہاتھ میں پستول لہراتا ہوا دکان میں داخل ہوتا ہے۔ ڈاکو کے داخل ہوتے ہی دکان میں موجود گاہک اور نائی خوف کے باعث فوراً فرش پر بیٹھ جاتے ہیں۔
مسلح شخص ایک ایک فرد کی تلاشی لیتا ہے اور ان کے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر دکان سے باہر نکل جاتا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر باہر موجود تھا جس نے اسے فرار ہونے میں مدد دی۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور لوٹ مار میں ملوث دونوں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تکنیکی ذرائع سے کام لیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے پس منظر میں یہ واقعہ شہریوں کی سیکورٹی کے لیے مزید سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








