تھائی لینڈ کی عدالت نے مس یونیورس مقابلوں کی شریک مالک اور میڈیا ٹائیکون این جکاپونگ جکرا کے خلاف تقریباً 9لاکھ 30ہزار ڈالرز کے مبینہ فراڈ کے الزامات پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں، جبکہ ملزمہ مبینہ طور پر میکسیکو فرار ہوگئیں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایک عدالتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایک پلاسٹک سرجن کی شکایت پر کی گئی، جس نے جکاپونگ پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2023 میں جے کے این گروپ میں سرمایہ کاری کے لیے دھوکہ دیا اور حقیقی معلومات پوشیدہ رکھیں۔
الزامات سامنے آنے کے بعد جنوبی بینکاک سول کورٹ نے فیصلے کی سماعت کے لیے ملزمہ کو طلب کرلیا لیکن خاتون ملزمہ جکاپونگ عدالت میں پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے رویے کو ’فرار ہونے کی کوشش‘ قرار دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
تاہم مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جکاپونگ مالی مشکلات کے باعث میکسیکو فرار ہوگئی ہیں جبکہ مس یونیورس 2025 کے بینکاک میں اختتام پذیر ہونے والے مقابلوں کے بعد یہ سب سے بڑا اسکینڈل قراردیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی مس یونیورس 2025 کے بینکاک میں اختتام پذیر ہوئے، جہاں مس میکسیکو فاطمہ بوش کو فاتح منتخب کیا گیا، جس کے دوران مرد میزبان نے غصے میں فاطمہ بوش کو بے وقوف کہا اور تنقید بھی کی جس پر فاطمہ بوش اور دیگر شرکا نے واک آؤٹ کیا تھا۔
بعد ازاں مرد میزبان نے معافی مانگ لی، جبکہ میکسیکن صدر نے فاطمہ بوش کی حمایت کی ہے۔ جکاپونگ کی کمپنی جے کے این گلوبل گروپ نے 2022 میں مس یونیورس کو 2 کروڑ ڈالر میں موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خریدا تھا ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








