امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تشویش کے حامل ممالک قرار دیے گئے 19 ممالک کے شہریوں کو جاری کیے گئے تمام گرین کارڈز کی مکمل اور سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔
امریکی امیگریشن اور شہریت کی ایجنسی یو ایس سی آئی ایس کے سربراہ جوزف ایڈلو نے جمعرات 27 نومبر 2025 کو یہ اعلان واشنگٹن ڈی سی میں پیش آنے والے اس فائرنگ کے واقعے کے بعد کیا جس میں مشتبہ حملہ آور ایک افغان شہری تھا۔
ایڈلو کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس ازسرِنو جانچ کی براہ راست ہدایت جاری کی ہے اور اس کا مقصد امریکا اور امریکی عوام کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے سابقہ حکومت کی غیر ذمہ دارانہ آبادکاری پالیسیوں کو موجودہ خطرات کی بڑی وجہ قرار دیا۔ حکام کے مطابق سیکورٹی رسک، ویزا اوور اسٹے کی بلند شرح اور اس جیسے عوامل کی بنیاد پر یہ ممالک فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔
رپورٹس میں جون میں جاری ہونے والے وائٹ ہاؤس کے سفری پابندیوں کے حکم نامے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان 19 ممالک میں شامل ہیں، افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹیریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، یمن، برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرا لیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا۔
اس وسیع پیمانے کی جانچ پڑتال کے عملی طریقۂ کار پر ابھی مکمل اتفاق نہیں ہو سکا اور یو ایس سی آئی ایس سمیت محکمۂ ہوم لینڈ سیکورٹی کے متعلقہ ادارے آئندہ دنوں میں اس کے طریقۂ کار اور نفاذ سے متعلق تفصیلات طے کریں گے تاہم امریکی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ عمل قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت انتہائی سخت اور جامع ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








