پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا مستقبل روشن ہے اور ایک دن پاکستان محمد علی اور مائیک ٹائسن جیسا چیمپئن پیدا کرے گا۔
جناح اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقدہ انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں برطانوی باکسر جیمز میٹکالف نے ڈومینیکن ریپبلک کے باکسر خولیو ڈی جیسس کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے ڈبلیو بی اے ایشیا گولڈ مڈل ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ارجنٹینا کے باکسر البرٹو پالمیٹا نے فلپائنی باکسر جوفر مونٹانو کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے ڈبلیو بی اے ایشیا ساؤتھ ویلٹر ویٹ ٹائٹل حاصل کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق برطانوی باکسر اور پاکستانی نژاد عامر خان نے کہا کہ وہ لاہور آکر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایونٹ میں 15 ممالک کے باکسرز نے حصہ لیا، جبکہ شائقین اور سیکورٹی کے انتظامات انتہائی شاندار تھے۔
عامر خان نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی اور ایونٹ کی میزبانی بہترین تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ پاکستان میں انتہائی باصلاحیت باکسرز موجود ہیں اور یہاں باکسنگ کا مستقبل بہت امید افزا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ایک دن محمد علی اور مائیک ٹائسن جیسے عظیم چیمپئنز پیدا کرے گا۔
عامر خان نے کہا کہ ایونٹ میں ہونے والے مقابلے لاجواب تھے۔ انہوں نے پاکستان آرمی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنا بڑا ایونٹ کامیابی سے منعقد کیا اور تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو بہترین سیکورٹی فراہم کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








