بے حسی کی انتہا، میئر کراچی نے بچے کی موت کی ذمے داری جماعت اسلامی پر ڈال دی

تازہ ترین

تازہ ترین

میئر کراچی، فائل فوٹو

 میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بچے کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے معاملے پر نااہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے ساری ذمے داری جماعت اسلامی پر ڈال دی۔

دلخراش سانحے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعے کو بدقسمتی سے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی، حالانکہ ایسے موقع پر سیاست نہیں، مدد اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ والدین کی تکلیف کو محسوس کرتے ہیں۔ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ گزشتہ رات کچھ حلقوں کی جانب سے اس معاملے پر سیاست کرنا انتہائی افسوسناک تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں 88 ہزار مین ہول کور لگائے گئے، 55 فیصد یوسی چیئرمینز کو ڈھکن فراہم کیے گئے ہیں اور اب اس بات کی انکوائری ہوگی کہ انتہائی مصروف مقام پر مین ہول کھلا کیوں تھا اور یہ کتنے دن سے کھلا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر اس افسوسناک واقعے کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں حالانکہ واٹر کارپوریشن کو اس مقام کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ حکومت کا حصہ ہونے کے ناتے متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اس علاقے کا ٹاؤن چیئرمین جماعت اسلامی سے تعلق رکھتا ہے اور اگر وہ ذمہ داری اس جماعت پر ڈالیں تو لوگ ناراض ہوں گے، تاہم شفاف تحقیقات ہی طے کرے گی کہ غفلت کہاں ہوئی اور کس نے ذمہ داری پوری نہیں کی۔

Related Posts