بالی ووڈ کے لیجنڈری فنکاروں پر مشتمل دیول خاندان نے آنجہانی اداکار دھرمیندر کے فارم ہاؤس کو مداحوں کیلئے کھلونے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد دھرمیندر کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دیول خاندان کی خواہش ہے کہ وہ دھرمیندر کی 90ویں سالگرہ کے موقعے پر بھارتی شہر کھنڈالا میں موجود ان کے فارم ہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھول دیں تاکہ دھرمیندر کے حقیقی مداح اس فارم ہاؤس میں داخل ہو کر دھرمیندر کے فلمی کارناموں کو یاد کرسکیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیول خاندان کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب خاندان کو احساس ہوا کہ بہت سے چاہنے والے یہ خواہش رکھتے تھے کہ کاش وہ دھرمیندر کو آخری مرتبہ دیکھ یا مل پاتے، لیکن ان کی یہ خواہش متعدد وجوہات کے باعث پوری نہ ہوسکی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک موقعے پر سنی اور بوبی دیول نے یہ محسوس کیا کہ مداح ملاقات کے خواہش مندہیں، اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ فارم ہاؤس کے دروازے اُن مداحوں کے لیے کھول دیے جائیں جو آ کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا اور خاندان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
اس تاریخی موقعے پر آنجہانی دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول، بوبی دیول اور ایشا دیول سمیت دیگر پر مشتمل دیول خاندان اُس مقام پر جمع ہو کر اُن مداحوں سے ملاقات کرے گا جو افسوس کا اظہار کرنا اور ستارے کو یاد کرنا چاہتے ہیں۔
دیول خاندان اس موقعے کو سادہ رکھنے کا خواہش مند ہے تاکہ یہ ایک خلوص پر مبنی ملاقات ہو، نہ کہ کوئی رسمی مداحوں کی تقریب۔ اور خاندان کے اہم اراکین اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ فارم ہاؤس تک رسائی مشکل ہونے کی وجہ سے اگر ممکن ہو تو ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے، جس کا انحصار شرکت کرنے والوں کی تعداد پر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








