حویلیاں طیارہ حادثے میں دل دل پاکستان کے گیت سے شہرت حاصل کرنے والے معروف گلوکار اور مشہور و معروف نعت خواں جنید جمشید کی وفات کو 9 برس مکمل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 52 سالہ سابق گلوکار جنید جمشید قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی پرواز نمبر پی کے 661 کے ذریعے 7 دسمبر 2016 کو چترال سے واپسی کے دوران حویلیاں کے مقام پر طیارہ حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوئے، جس نے ہر دردمند دل کو افسردہ کردیا۔
یہ اندوہناک حادثہ نعت خواں جنید جمشید کے مداحوں کے دل پر بجلی بن کر گرا۔ ماضی میں جنید جمشید نے وائٹل سائنز کے میوزیکل بینڈ سے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا اور مختلف گیتوں سے عروج حاصل کیا تھا۔ انہوں نے متعدد نغمے گا کر عوام سے داد سمیٹی جس میں دل دل پاکستان اور آنکھوں نے آنکھوں کو جو سپنا دکھایا ہے شامل تھے۔
عوام کی بڑی تعداد بہترین گیتوں اور دل کو چھو لینے والی نعتوں کے سبب جنید جمشید کو آج بھی یاد کرتی ہے اور ان کے گائے ہوئے گیتوں اور نعتوں کو سراہتی ہے۔ جنید جمشید نے طویل عرصے تک اپنے میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کیلئے گلوکاری کی اور بہت سے یادگار گیت گا کر عوام کے دلوں میں جگہ بنائی۔
اپنی وفات سے بہت عرصہ پہلے جنید جمشید نے گلوکاری سے توبہ کرکے حمد و نعت پڑھنا شروع کی تو میرا دل بدل دے اور الٰہی تیری چوکھٹ پہ سوالی بن کے آیا ہوں جیسے یادگار کلام سے منفرد قسم کی شہرت بھی اپنے نام کی۔حویلیاں طیارہ حادثے کے نتیجے میں جنید جمشید سمیت 47 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








