کراچی سمیت صوبے بھر میں سندھ کلچرل ڈے جو سندھی ٹوپی اور اجرک ڈے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ یہ دن سندھ کی قدیم ثقافت، زبان، موسیقی اور روایات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو ہزاروں سال پرانی انڈس ویلی سولائزیشن سے جڑی ہوئی ہے۔
سندھ کلچرل ڈے کی تاریخ اور پس منظر
سندھ کلچرل ڈے کی بنیاد 2009 میں رکھی گئی تھی جب سندھی میڈیا اور سیاسی شخصیات نے اسے سندھی شناخت اور اتحاد کی علامت کے طور پر متعارف کروایا۔ یہ ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جاتا ہے، جو سندھ کی باب الاسلام کی حیثیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔اس دن کا مقصد سندھ کی رواداری، امن اور تنوع کو فروغ دینا ہے جو شاہ عبد اللطیف بھٹائی، سچل سرمست اور دیگر صوفی شعرا کی تعلیمات سے مستعار ہے۔
تاریخی اہمیت
سندھ کی ثقافت انڈس ویلی سولائزیشن (2500 قبل مسیح) سے جڑی ہے جو دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ یہ دن اس ورثے کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے۔ یہ دن نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ اور دیگر ممالک میں بھی جہاں جہاں سندھی موجود ہیں منایا جاتا ہے۔
جشن کیسے منایا جاتا ہے؟
سندھ کلچرل ڈے پر سندھی زبان بولنے والے اور دیگر شہری سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں اور علاقائی گانوں پر رقص کرتے ہیں جبکہ صوفی موسیقی کی محفلیں سجائی جاتی ہیں۔کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں اس موقع پر عوامی ریلیوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں کثیر تعداد میں عوام شریک ہوتی ہے۔

دوسری جانب یومِ ثقافت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کا آج صرف ثقافت کا دن نہیں بلکہ اپنی پہچان پر فخر کی تجدید ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج صدیوں کی تہذیب ہماری ذمہ داری بن کر سامنے کھڑی ہے، سندھ کی ثقافت رنگوں سے زیادہ، کردار اور برداشت کی علامت ہے، ہماری سرزمین نے دنیا کو امن اور محبت کا علم دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھی کلچر ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد ہماری اصل طاقت ہے، سندھ کی موسیقی، زبان اور روایتیں مستقبل کی سمت متعین کرتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








