پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی پی) نے گیس لوڈ شیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے گیس صارفین کو نئے اوقاتِ کار کی آگہی فراہم کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس این جی پی کی جانب سے پنجاب اور کے پی کے لیے دسمبر تا فروری گیس لوڈ شیڈنگ شیڈول جاری کردیا گیا جس کے مطابق صارفین کو 3 اوقات میں وقفے وقفے سے گیس کی سپلائی جاری رہے گی، عوام کو اوقاتِ کار کے متعلق بھی بتا دیا گیا۔
سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی کے دوران عوام ناشتہ اور کھانا بنا سکتے ہیں۔نئے لوڈ شیڈنگ شیڈول کے مطابق صبح ساڑھے 5 سے ساڑھے 8 گیس فراہمی جاری رہے گی جبکہ دوپہر میں ساڑھے 11 سے ڈیڑھ بجے تک گیس سپلائی کی جائے گی۔
اسی طرح شام ساڑھے 5 سے ساڑھے 8 بجے تک گیس کی فراہمی جاری رہے گی، واضح رہے کہ صنعتی سیکٹر کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، لیکن سردیوں میں گیس کی طلب کئی گنا بڑھ چکی ہے۔
دوسری جانب سوئی گیس حکام کا ماننا ہے کہ سسٹم میں گیس وافر مقدار میں موجود ہے جس کی قلت کا سامنا نہیں، تاہم گیس مہنگی ہونے کے باعث صارفین کو ضرورت کے مطابق گیس فراہم کی جارہی ہے۔ صارفین سے بھی درخواست کی جاتی ہے کہ گیس کا ضیاع کم سے کم کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








