انڈونیشیا کے صدر 2 روزہ دورے کیلئے آج پاکستان پہنچیں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

انڈونیشین صدر
(فوٹو: آن لائن)

انڈونیشیا کے صدر دو روزہ دورے کیلئے آج پاکستان پہنچیں گے۔ برادر اسلامی ملک کے صدر سرکاری دورے کے دوران پاک انڈونیشیا سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کو یادگار بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ مسلم آبادی کے حامل ملک انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو موجودہ دورِ حکومت میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک انڈونیشیا تعلقات کے 75سال کی تکمیل پر وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشین صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین برادرانہ، ثقافتی و تجارتی تعلقات کئی دہائیوں سے قائم ہیں جبکہ انڈونیشین صدر کا دورہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس موقعے پر دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جس کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعلقات اور تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انڈونیشین صدر کے دورہ پاکستان کے موقعے پر دونوں ممالک کے مابین متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جانے کی توقع ہے۔

اپنے سرکاری دورے کے دوران انڈونیشین صدر وزیراعظم شہباز شریف، اپنے پاکستانی ہم منصب صدر آصف علی زرداری اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیرسمیت پاکستان کی دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت دیگر متعدد شعبوں پر مذاکرات ہوں گے۔

Related Posts