پاکستانی کبڈی کھلاڑی شرمناک عمل کرتے ہوئے بھارتی جھنڈا اٹھا کر میدان میں اتر گیا، بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، شرٹ پہننے اور جھنڈا لہرانے پر قومی کبڈی فیڈریشن کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہنگامی اجلاس کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے طلب کیا۔ سیکریٹری فیڈریشن رانا سرور کا کہنا ہے کہ کبڈی فیڈریشن کا اجلاس 27دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان کے 16کھلاڑی بحرین کے ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے۔
سیکریٹری فیڈریشن نے کہا کہ یہ 16 کھلاڑی پاکستان کی قومی ٹیم نہیں تھے جس کی اجازت طلب نہیں کی گئی، نہ ہی این او سی جاری کیا گیا تھا۔ خودساختہ ٹیم نے پاکستان کا نام استعمال کیا اور حکومت سے بھی ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں لی۔
رانا سرور نے کہا کہ فیڈریشن کو اس ایونٹ میں 16 کھلاڑیوں کی اس ٹیم کی شرکت کا نہیں بتایا گیا۔ کسی بھی قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا قابلِ قبول نہیں۔ معاملے کی تفتیش کی جائے گی۔ سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن خودساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لے گی۔ کسی کو غیر قانونی ایونٹ یا پاکستان کا نام بدنام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ غیر ملکی ٹیم کی جانب سے کھیل اور جھنڈا لہرانا تشویشناک ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








