حیدرآباد میں ایک دلخراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نوجوان لڑکی گھبراہٹ کے عالم میں آٹھویں منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے دوست کے ساتھ فلیٹ میں موجود تھی اور اچانک اس کا والد وہاں پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق متوفیہ 20 سالہ لڑکی کا تعلق حیدرآباد کے پرانے شہر سے تھا اور وہ شہر کی ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھی۔ اسی ادارے میں کام کرنے والے ایک نوجوان سے اس کی شناسائی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق لڑکی اپنے خاندان کے ہمراہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقے تیلا پور میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھی۔ اہلخانہ کی غیر موجودگی میں لڑکی اپنے دوست کے اپنے گھر بلالیا اور اسی دوران لڑکی کے والد اچانک گھر پہنچ گئے۔
اطلاعات کے مطابق فلیٹ باہر سے بند تھا تاہم اندر کسی کی موجودگی کا اندازہ ہونے پر لڑکی کے والد نے آواز دی۔ اس غیر متوقع صورتحال سے گھبرا کر لڑکی اور اس کے دوست نے پڑوسی فلیٹ کے راستے نکلنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار کی اسی کوشش کے دوران لڑکی آٹھویں منزل کی بالکنی سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








