اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان پہینچ گئے ہیں۔ اس موقعے پر فضائی سلامی پیش کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اماراتی صدر کی آمد سے قبل ہی ان کے شاندار اور تاریخی استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں۔ پاکستان کی فضائی حدود میں داخلے پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کو بھی اپنے ہمراہ پاکستان لائے ہیں۔ صدر کے دورے کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ دورے کے نتیجے میں تجارت، سرمایہ کاری، تعمیر و ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








