چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی وزیراعظم سے ملاقات یا مذاکرات نہیں ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ گزشتہ 10 روز بلکہ پورے سال میں ان کا وزیراعظم شہباز شریف سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کے کو آرڈینیٹر اختیار ولی کے بیان کا حوالہ بھی دیا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کو آرڈی نیٹر اختیار ولی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی وزیراعظم سے کوئی رابطہ ہوا ہوتا یا مذاکرات کیلئے کوشش کی جاتی تو میں عوام کو ضرور بتاتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ بات چیت ایک حساس معاملہ ہے جس پر غیر سنجیدہ گفتگو سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اختیار ولی خان نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم سے مذاکرات کیلئے گزشتہ 10 روز میں 3 بار رابطہ کیا۔ تاہم چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ دعویٰ مسترد کرتے ہوئے اسے حقیقت کے برعکس قرار دے دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








