یہ کال مت اٹھائیں ورنہ! ایک لڑکی، ایک کیفے اور 3 لاکھ روپے؛کہانی جان کر ہوش اُڑ جائیں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پنجاب کے شہر وہاڑی میں ہنی ٹریپ کے ایک تازہ واقعے نے شہریوں کو چونکا دیا جہاں ایک نوجوان احمد کو ملاقات کے بہانے بلیک میل کرکے تین لاکھ روپے وصول کیے گئے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث ایک ہی خاندان کے افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وہاڑی کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان احمد کو چند روز قبل ایک نامعلوم لڑکی کی فون کال موصول ہوئی جس نے اپنا نام عائشہ بتایا اور پھر دونوں میں بات چیت کا سلسلہ بڑھا جس کے بعد لڑکی نے ملاقات کی خواہش ظاہر کی اور بعد ازاں وہاڑی شہر آنے کا کہا۔

احمد کے مطابق وہاڑی شہر کے ایک کیفے میں دونوں کی ملاقات ہوئی جہاں مختصر گفتگو کے بعد اچانک لڑکی کی والدہ اور بھائی وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے نوجوان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دینے کی دھمکی دی اور معاملہ ختم کرنے کے لیے تین لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔

صورتحال سے گھبرا کر احمد نے رقم کا انتظام کیا اور مبینہ طور پر رقم ٹرانسفر کر دی جس کے بعد مذکورہ افراد موقع سے روانہ ہو گئے تاہم کچھ دیر بعد احمد نے خود کو سنبھالتے ہوئے قریبی تھانے میں درخواست دی اور تمام دستیاب شواہد پولیس کے حوالے کیے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ نوجوان ہنی ٹریپ کا شکار ہوا تھا۔ فراہم کردہ موبائل نمبرز اور دیگر شواہد کی جانچ کے بعد انکشاف ہوا کہ مذکورہ خاتون اس کا بھائی اور والدہ اس نوعیت کی وارداتوں میں پہلے بھی ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف شکایات موجود تھیں۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چیچہ وطنی کے ایک گاؤں سے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری ایسے معاملات میں محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی صورت میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رجوع کریں۔

Related Posts