فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دسمبر 2025 میں ٹیکس وصولیوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس کے تحت 1,427.1 ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کیے گئے جو کسی بھی مالی سال کے مہینہ دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ وصولی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ٹیکس کلیکشن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی جس میں ایف بی آر حکام نے بتایا کہ دسمبر کے لیے 1,446 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس کا 99 فیصد حصہ حاصل کر لیا گیا یہ ایک قابلِ ذکر کامیابی قرار دی گئی۔
ایف بی آر حکام نے یہ بھی بتایا کہ ان لینڈ ریونیو سروس (آئی آر ایس) نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 1,310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1,308 ارب روپے جمع کیے گئے، جو ہدف کا 99.8 فیصد بنتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، دسمبر میں ٹیکس وصولیوں میں نومبر کے مقابلے میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نومبر میں 898 ارب روپے جمع ہوئے تھے جو دسمبر میں بڑھ کر 1,427.1 ارب روپے ہو گئے۔
ٹیکس کی اقسام کے حساب سے تفصیلات:
انکم ٹیکس: 107 فیصد اضافہ، نومبر کے 402 ارب روپے سے بڑھ کر 831.5 ارب روپے
سیلز ٹیکس: 25 فیصد اضافہ، 403.7 ارب روپے
فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی: 6 فیصد اضافہ، 72.8 ارب روپے
کسٹمز ڈیوٹی: 15 فیصد اضافہ، 118.9 ارب روپے
وفاقی وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی اس کارکردگی کو سراہا اور حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کرنے اور وصولیوں میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی حکومت کی مالیاتی اصلاحات، بہتر ٹیکس کمپلائنس، موثر نفاذ اور ڈیجیٹلائزیشن کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








