قطر سے آیا حکم کہ سمیرا کی زندگی کا چراغ گل کردو! جانیں راولپنڈی میں خاتون کے ساتھ کیا ہوا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

راولپنڈی کے علاقے لالہ زار میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ خاتون کو اس کے ہی قریبی رشتہ داروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ مقتولہ سمیرا عزیز کا قتل مبینہ طور پر اس کے شوہر سلیمان کی ہدایت پر انجام پایاجو واقعہ کے وقت قطر میں موجود تھا اور قتل کا منظر ویڈیو کال کے ذریعے دیکھ رہا تھا۔

پولیس کے مطابق سمیرہ عزیز ایک ہفتہ قبل قطر سے پاکستان واپس آئی تھی۔ رات تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر دروازے پر اچانک دستک ہوئی۔ مقتولہ کی بہن ثنا خان کے مطابق چچی سعیدہ نے ہچکچاتے ہوئے دروازہ کھولا جس کے بعد سمیرہ کو اوپر کمرے میں لے جایا گیا۔ شوہر سلیمان نے قطر سے ویڈیو کال پر کہا کہ انہیں الگ کر دو اور سمیرا کو قتل کرو۔ کچھ لمحوں بعد ملزمان نے پستول سے فائرنگ کی جس سے سمیرہ جان کی بازی ہار گئی۔

ثنا خان نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ کے شوہر نے مبینہ طور پر سمیرا کو کسی غیر مرد کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے پکڑا اور اسی الزام کے تحت ملزمان کے ساتھ مل کر اس کا قتل کروایا۔ قتل میں شوہر کے علاوہ چچا امتیاز اور دیگر قریبی رشتہ دار بھی ملوث ہیں۔

پولیس نے مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 311، 109 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ واقعے کے وقت راولپنڈی پولیس کی موبائل وین گشت پر موجود تھی جسے فوری اطلاع دی گئی اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

Image

پولیس ترجمان محمد عامر عباس نے بتایا کہ ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ قطر میں موجود ملزمان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کی یاد دہانی کراتا ہے اور دکھاتا ہے کہ کس طرح بیرون ملک مقیم افراد بھی جرائم میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

Related Posts