کراچی میں پسند کی شادی جرم بن گئی، فائرنگ سے خاتون جاں بحق، شوہر زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

فائرنگ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں مبینہ طور پر پسند سے کی گئی شادی جرم بن گئی، آج ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ اس کا شوہر زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لاسی گوٹھ میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ مرد زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا شکار مرد اور خاتون نے کورٹ میرج کی تھی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں گھر کے اندر پیش آیا۔ زخمی ہونے والے شخص نصر اللہ کی حالت تشویشناک ہے جسے سر پر گولیاں ماری گئیں۔ خاتون کی شناخت لطیفہ مگسی جبکہ مرد کی نصر اللہ کے نام سے ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق مقتولہ اور زخمی شخص نے حال ہی میں پسند کی شادی کی تھی اور لاسی گوٹھ کے علاقے میں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھے۔ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ خاتون موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ زخمی شخص اور خاتون کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔

Related Posts