پاکستان سپر لیگ کے توسیعی مرحلے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے جہاں کاروباری شخصیت فواد سرور نے حیدرآباد کی نے فرنچائز خرید لی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے 1.75 کروڑ روپے کی بولی لگا کر پی ایس ایل 11 (2026) کے لیے ٹیم حیدرآباد کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے جو لیگ میں شامل ہونے والی نئی فرنچائزز میں سے ایک ہے۔
امریکا میں مقیم بزنس گروپ FKS (Kingsmen) سے تعلق رکھنے والے فواد سرور نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ حیدرآباد میں پیدا ہونے والے فواد سرور نے بالآخر اپنے آبائی شہر کے نام پر پی ایس ایل کی فرنچائز حاصل کر لی جس کے لیے انہوں نے 175 کروڑ پاکستانی روپے کی خطیر بولی دی۔
شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ایک حیدرآبادی نژاد سرمایہ کار کی جانب سے اپنے شہر کے لیے اتنی بڑی سرمایہ کاری ایک جذباتی اور تاریخی لمحہ ہے جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین اس اقدام کو بڑی جیت اور خواب کی تعبیر قرار دے رہے ہیں۔
فواد سرور کی جانب سے فرنچائز کے حصول کے بعد اب نگاہیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ نئی ٹیم کس نام اور حکمتِ عملی کے ساتھ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں میدان میں اترے گی۔
یہ بولی پاکستان سپر لیگ کے توسیعی نیلامی عمل کا حصہ ہے جس کے تحت لیگ کی ٹیموں کی تعداد پہلی بار چھ سے بڑھا کر 8 یا 9 تک کی جا رہی ہے۔ فواد سرور کی جانب سے حیدرآباد کی خریداری نہ صرف مقامی شائقین کے لیے خوشخبری ہے بلکہ اس سے لیگ کے تجارتی پہلو اور کرکٹ کے بڑھتے ہوئے تجارتی رجحان کو بھی تقویت ملتی ہے۔
Hyderabad finds its home in #HBLPSL 🏏
The #NewEra is officially here as FKS joins the HBL PSL family
📺 Watch LIVE on the PSL YouTube channel & the PCB Live app (UK region)
🔗 https://t.co/HNapgvqIg2 pic.twitter.com/auChYZGJ6q— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) January 8, 2026
حیدرآباد کو اپنی پہلی پی ایس ایل ٹیم ملنے سے شہر اور اندرونِ سندھ کے کرکٹ شائقین میں جوش و خروش پایا جا رہا ہے جس سے امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے سیزن میں نئی ٹیم شائقین کی دلچسپی، ٹکٹ سیل اور مقامی اسپورٹس ماحول کو مزید فروغ دے گی۔
پی سی بی نے بھی اس توسیعی عمل کے تحت پاکستان بھر کے متعدد شہروں کو ممکنہ فرنچائز مقامات کے طور پر شامل کیا ہے جن میں فیصل آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، مظفرآباد، گلگت اور حیدرآباد شامل ہیں جن میں سے حیدرآباد کو پہلی نئی ٹیم کا درجہ دیا گیا ہے۔
شائقین کی نظریں پی ایس ایل 11 پر مرکوز ہیں جہاں اس نئی ٹیم کے ساتھ مقابلہ اور لیگ کی تجارتی اور کھیل کی اہمیت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
فواد سرور کون ہیں؟
پاکستانی نژاد امریکی تاجر فواد سرور ٹیکساس امریکہ میں مقیم ہیں۔ وہ FKS گروپ (جو Kingsmen یا The Kingsmen Group کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کے بانی اور مالک ہیں۔ یہ گروپ کرکٹ میں سرگرم ہے اور امریکہ میں Minor League Cricket میں Chicago Kingsmen ٹیم کے مالک ہیں جو 2024 کی چیمپیئن رہی۔
فواد سرور نے تصدیق کی کہ ٹیم کا ہوم سٹی حیدرآباد (سندھ) ہوگا جو ان کا آبائی شہر بھی ہے۔ Kingsmen گروپ امریکہ سے لے کر پاکستان تک کرکٹ کو فروغ دے رہا ہے۔ گزشتہ سیزن میں ان کی ٹیم پاکستان کے ڈومیسٹک گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں بھی شریک ہوئی تھی۔
فواد سرور کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ کو عالمی سطح پر لے کر جانا چاہتے ہیں اور کھلاڑیوں کو فیملی کی طرح ٹریٹ کرتے ہیں، جو ان کی کامیابی کا راز ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








