وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 7ٹو میں واقع شادی والے گھر میں گیس لیکیج دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8ہوگئی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں 12افراد زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق جس وقت یہ دھماکہ ہوا، شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے ہوئے مہمان بھی متأثرہ گھر میں موجود تھے۔ دھماکے سے 4گھر متأثر ہوئے۔ ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کرکے ملبے تلے دبے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رات 2 بجے بارات کے گھر پہنچنے کے بعد سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دولہا دلہن سمیت 8افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقعے پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کردی۔
سلنڈر دھماکے کے بعد مبینہ طور پر متأثرہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شادی والا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔ابتدائی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 5بتائی گئی تھی، تاہم ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں سے 3 جانبر نہ ہوسکے۔ پمز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
زخمیوں میں 2بچے بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شادی والا گھر ہونے کے باعث عوام کی تعداد زیادہ تھی۔ سلنڈر دھماکہ صبح کے وقت ہوا جس کے نتیجے میں 3 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ چوتھا جزوی طور پر متأثر ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








