بھارتی ریاست بہار کے ایک نوجوان نے اپنی ذہانت اور ہنر کی بدولت سب کو حیران کر دیا ہے۔ انجینئرنگ یا بڑی تعلیم کے بغیر مرشد عالم نامی کار مکینک نے صرف ایک لاکھ روپے میں الیکٹرک جیپ تیار کر لی۔ یہ گاڑی خاص طور پر دیہی علاقوں کے کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔
مرشد عالم نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں آمد و رفت کے وسائل محدود ہونے کی وجہ سے لوگ اپنی فصل، سامان اور روزمرہ کی ضروریات کے لیے مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اس نے ایک کم خرچ لیکن مکمل فیچر سے لیس الیکٹرک جیپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
محض 18 دنوں میں تیار کی گئی اس جیپ میں ٹیوب لیس ٹائرس، اسپیڈو میٹر، پاور اسٹیئرنگ اور چارجنگ پوائنٹ جیسی سہولیات شامل ہیں۔ اس میں پانچ افراد بیٹھ سکتے ہیں، دو سامنے اور تین پیچھے اور یہ تقریباً 100 کلومیٹر بغیر کسی دشواری کے سفر کرسکتی ہے۔ بیٹری کو مکمل چارج ہونے میں تقریباً پانچ گھنٹے لگتے ہیں۔
مزید یہ کہ کسان اپنی فصل، کھاد اور دیگر سامان لے جانے کے لیے اس جیپ کے ساتھ ایک اضافی ٹرالی بھی جوڑ سکتے ہیں جس سے یہ گاڑی دیہی علاقوں میں انتہائی کارآمد اور عملی حل ثابت ہو سکتی ہے۔
مرشد عالم کا یہ تجربہ ثابت کرتا ہے کہ محدود وسائل اور چھوٹے کاروباری پس منظر کے باوجود تخلیقی سوچ اور محنت سے بڑے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








