مالی پریشانی یا کوئی اور مسئلہ تھا؟ نوجوان نے ماں، بہن اور بھائی کی زندگی کا چراغ گل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والی واردات سامنے آئی جہاں ایک نوجوان نے اپنی ماں، بہن اور چھوٹے بھائی کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ خوفناک واقعہ منگل بازار میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ملزم یش ویر نے قتل کے بعد خود پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ مقتول خاندان کے افراد میں ماں کوویتا (46)، بہن میگھنا (24) اور چھوٹا بھائی مکل (14) شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یش ویر کے والد چھ ماہ قبل خاندان کو چھوڑ کر جا چکے تھے جس کے بعد گھر کی ذمہ داری ماں اور بڑے بیٹے پر تھی جبکہ مکل اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے تھا۔ خاندان کی مالی حالت بھی مسلسل بگڑ رہی تھی اور یش ویر نے کئی لاکھ روپے قرض لے رکھے تھے جس کی وجہ سے وہ شدید دباؤ میں تھا۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے اور واقعے کے بعد عمارت کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ آس پاس کے رہائشیوں سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واردات کے محرکات اور ممکنہ دیگر پہلوؤں کی جانچ کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، یشویر نے قبل ازیں کئی بار خود کشی کی کوشش بھی کی تھی لیکن ناکام رہا۔ یہ واردات دہلی میں گھریلو تنازعات اور مالی دباؤ کے خطرناک نتائج کی ایک خوفناک مثال کے طور پر سامنے آئی ہے۔

Related Posts