معروف بالی ووڈ اداکار ارجن کپور کی ایک شگفتہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں مبینہ طور پر اداکار نے خاتون مداح کو سیلفی کے بہانے فون سے محروم کردیا۔سوشل میڈیا صارفین نے کڑی تنقید کرتے ہوئے ارجن کپور کی خوب ٹرولنگ کی۔
سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون مداح اداکار ارجن کپور کے قریب آ کر انہیں اپنا فون پکڑاتی ہے، جس کے بعد خاتون انہیں سمجھاتی ہے کہ سیلفی کیسے لینی ہے۔
سیلفی لینے کے بعد اداکار ارجن کپور کہتے ہیں کہ فون آپ کا ہے لیکن مجھے پتہ ہے سیلفی کیسے لینی ہے۔ میں یہ فون لے کر جاؤں گا۔ انہوں نے سیلفی گھمانے میں میرا آدھا گھنٹہ لے لیا۔ میں سیلفی ڈیلیٹ کردوں گا۔ میرا فون ہے۔
بعد ازاں خاتون مداح ارجن کپور سے درخواست کرتی ہے کہ فون مجھے دے دیں، جس پر اداکار انہیں فون واپس کردیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو صرف 5 گھنٹوں میں 38ہزار کے لگ بھگ افراد نے پسند کیا۔
خیال رہے کہ ارجن کپور سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ ٹرول کیے جانے والے بالی ووڈ ستارے ہیں جنہیں فلاپ فلمز سمیت دیگر وجوہات کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر بھی انہیں یہ کہہ کر ٹرول کیا کہ آپ کی ایک ہی تو فین تھی۔ اسے بھی ڈرا دیا؟
بعض سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی کہا کہ ہمیں یقین ہی نہیں آرہا کہ کوئی اس شخص کا بھی مداح ہوسکتا ہے؟ کچھ نے لکھا یہ لڑکا (ارجن کپور) کون ہے؟ ایک صارف نے کہا سر، میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں۔ آپ کی مووی آتی ہے تو ٹی وی آف کردیتا ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








